ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدا رحیم سے زمینداروں کے وفود کی ملاقات

جمعرات 25 اپریل 2024 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدا رحیم سے انکے دفتر میں زمینداروں کے وفود نے ملاقات کی ۔محکمہ ایریگیشن کے منصوبہ جمعہ کچھ چانڈیہ وئیر کے حوالے سے زمینداروں کے کچھ تحفظات تھے ،اس سلسلے میں زمینداروں کے تین گروپ ڈپٹی کمشنر سبی سے ملے اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر سبی نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کا چیئرمین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سرفراز مغل ، ایگزیکٹو انجینئر اریگیشن اور اسسٹنٹ کمشنر سبی کمیٹی کے ممبران ہوں گے ۔

اسی سلسلے میں زمینداروں کی جانب سے بھی با اختیار کمیٹی بنائی جائے گی ،زمینداروں کے تینوں گروپس میں سے دو، دو افراد کو لیا جائے گا جو کہ مشاورت کے بعد کسی نتیجے پر پہنچ کر فیصلہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدا رحیم نے کہا کہ کمیٹی جو فیصلہ کرے گی اسے بطور ریکارڈ لکھا جائے گا ،تمام پٹواری ریونیو عملہ پانی کی تقسیم کار کا نظام بنائیں گے تاکہ پانی کی تقسیم تمام زمین داروں میں برابر ہو ۔انہوں نے کہا کہ کسی قوم کے زمیندار کی حق تلفی نہیں ہوگی ،تمام زمینداروں کو فائدہ پہنچے گا لہذا باہمی اتفاق و مشاورت سے مذاکرات کی میز پر بیٹھا جائے ۔انہوں نے کمیٹی ممبران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دو دن کے اندر اندر یہ مسئلہ حل کرکے فیصلہ کیا جائے۔