پشاور ہائیکورٹ، پی ٹی آئی سوشل میڈیا انچارج کی اہلیہ، بھائی کا نام پی سی ایل میں ڈالنے پر ایف آئی اے سے جواب طلب

جمعرات 25 اپریل 2024 21:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا انچارج کی اہلیہ اور بھائی کا نام پی سی ایل میں ڈالنے پر ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں جسٹس شکیل احمد اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا انچارج کی اہلیہ اور بھائی کا نام پی سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اظہر مشوانی پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے انچارج ہیں، اظہر مشوانی کی بیوی اور بھائی کا نام پی سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔جسٹس شکیل احمد نے ایف آئی اے سے سوال کیا کہ ان کا نام لسٹ میں کیوں شامل کیا گیا ہی جس پر ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے نے کہا کہ سیکیورٹی ایجنسی کے کہنے پر نام لسٹ میں شامل کئے۔عدالت نے پوچھا کہ کونسی ایجنسی کے کہنے پر نام شامل کئے ہیں ،ایف آئی اے کے ڈائریکٹر لیگل نے کہا کہ نام نہیں ہے صرف سیکیورٹی ایجنسی لکھا ہے۔جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ لیٹر میں کیا لکھا ہے کہ کس بنیاد پر نام شامل کئے ہیں ۔بعدازاں عدالت نے وفاق اور ایف آئی اے سے 30اپریل تک جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔