جس فیڈریشن کو ایف آئی ایچ تسلیم کریگی حکومت بھی اس کو مانے کی ،رانا مشہود

حکومت کی اولین ترجیح ہاکی جاری رکھنا ہے ،دونوں گروپوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس یکجاں کرکے اس میں سے اذلان شاہ کپ کیلئے ٹیم بنانے پر اتفاق ہوا ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 25 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کہا ہے کہ کون سی فیڈریشن حقیقی ہے اس بات کا فیصلہ ایف آئی ایچ کرے گی، جسے وہ تسلیم کریگی حکومت بھی اس کو مانے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں متوازی فیڈریشنز کے بحران کو حل کرنے کیلئے دونوں گروپوں کے نمائندوں سے ملاقات کر کے موقف سنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کون سی فیڈریشن حقیقی ہے اس بات کا فیصلہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کرے گی جسے ایف آئی ایچ تسلیم کرے گی حکومت بھی اس کو مانے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہاکی کو جاری رکھنا ہے اس لئے اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ دونوں گروپوں کے علیحدہ علیحدہ کیمپس کو یکجاں کرکے اس میں سے اذلان شاہ کپ کیلئے ٹیم بنائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب کیلئے تین رکنی سلیکشن بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس کے سربراہ کوچ رولینٹ اولٹمینز ہوں گے جبکہ اس میں ڈی جی پی ایس بی اور اولمپک ایسوسی ایشن کا ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا، دو روزہ ٹرائلز کے بعد ٹیم منتخب ہوگی جو دو مئی کو اذلان شاہ کپ میں شرکت کیلئے ملائیشیا جائیگی۔