بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی ،علی نواز اعوان ودیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت 17 مئی تک ملتوی

جمعرات 25 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی ،علی نواز اعوان ودیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی،عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ پیش کی جائے۔ انسداد دہشت گری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کارکنان وکیل سردار مصروف کے ہمراہ انسداد دہشت گری عدالت پیش ہوئے۔ جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ پرویز الہٰی کے حوالے سے جیل کی طرف سے کوئی رپورٹ آئی ہے ۔عدالتی عملے نے بتایا کہ جیل سے ابھی تک کوئی رپورٹ نہیں آئی ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اس مقدمے میں 172 ملزمان ہیں، ٹرائل جلد ختم ہو جانا چاہئے ،جو ملزمان شروع سے حاضر ہورہے ہیں ان کی حد تک عدالت حاضری ختم کردیتی،جو حاضر نہیں ہورہے ان کا کیس الگ کردیتے،کورٹ نمبر 1 کا چارج ہوتا تو اس کیس کا ٹرائل ایک ہفتے میں ختم کر دیتے ،اگر ملزمان نے جرم کیا ہے تو سزا مل جائے نہیں تو بری کردیا جائے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی اس حوالے سے رپورٹ پیش کرے ۔عدالت نے کیس کی سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی بانی پی ٹی آئی ،پرویزالہٰی ،علی نواز اعوان اور دیگر پی ٹی آئی قیادت سمیت 172 افراد پر تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے۔