معروف ادیب افسانہ نگاراے حمید کی برسی 29 اپریل کو منائی جائے گی

جمعہ 26 اپریل 2024 12:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) معروف ادیب افسانہ نگار اے حمید کی برسی 29 اپریل کو منائی جائے گی۔ اے حمید 25 اگست 1928ء کو امرتسر میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد اپنے خاندان سمیت ہجرت کرکے لاہور میں رہائش اختیار کر لی۔اے حمید کا پہلا افسانہ ’’منزل منزل‘‘ ادب لطیف میں 1948 میں شائع ہوا تھا۔ ان کے افسانوں کا پہلا مجموعہ ”منزل منزل“ بے حد مقبول ہوا جو ان کی رومانوی افسانہ نگار کے طور پر پہچان بن گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسانہ نویسی کے علاوہ ایک عرصہ تک مختلف اخبارات میں باقاعدہ کالم نویسی بھی کی، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے بہت سے پروگرام لکھے جو بے حد مقبول ہوئے۔انہوں نے بچوں کے لیے بھی امبر ناگ ماریہ سیریز کے سو سے زیادہ ناول تحریر کیے۔1990ء کی دہائی میں انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن کے لیے بچوں کا مشہور سیریل عینک والا جن تحریر کیا جو بے حد مقبول ہوا۔حکومت پاکستان نے 1997میں ان کے فن کے اعتراف کے طور پر انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔اے حمید 29 اپریل 2011کو 83برس کی عمر میں انتقال کرگئے اور میانی صاحب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔ ان کی برسی کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کے زیر انتظام مختلف تقریبات میں ان کوخراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :