سموگ تدراک کیس، پولیتھین بیگ پر قابو پانے اور پانی کے بچائو کیلئے کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت،سماعت ملتوی

جمعہ 26 اپریل 2024 15:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پولیتھین بیگ پر قابو پانے اور پانی کے بچائو کیلئے ہاوسنگ سوسائٹیز میں کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ،عدالت نے کہا کہ متعلقہ حکام پانی ضائع کرنے کے ذمہ داروں پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرے،عدالت نے مزید سماعت تین مئی تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات کی عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی،جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی،جمعہ کے روز سماعت پر ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ،واسا کی طرف سے سینئر لیگل ایڈوائزر میاں عرفان اکرم ایڈووکیٹ،اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور متعلقہ محکموں کے افسران اور لا افسران عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے محکموں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی،دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ آپ کا گھر وہ نہیں جہاں آپ رہتے ہیں،سارا ملک ہمارا گھر ہے،مزدوروں کے عالمی دن پرصفائی مہم شروع کریں،عدالت نے کہا کہ پانی ضائع کرنے والوں کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے،عدالت نے پانی کے بچائو کے لیے نجی ہاوسنگ سوسائٹیز میں کاروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا،عدالت نے کہا کہ ہاوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی بارے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے،عدالت نے سکول کے بچوں کے ساتھ صفائی آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کردی،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یکم مئی کو چھٹی ہوگی،اسی روز سے مہم کا آغاز کیا جائے،یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بچے والدین کے ساتھ صفائی مہم شروع کریں،ایل ڈی اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوہر ٹاون کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیاں بھی ہو رہی ہیں،کیفے والوں نے حکم امتناع لے رکھا ہے،جس کی وجہ سے ان کے خلاف کاروائی نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ محکمہ متعلقہ عدالت میں جا کر حکم امتناعی ختم کروائے،فاضل جج نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ کے لئے کیس کی مزید سماعت3 مئی تک ملتوی کردی۔