خیبرپختونخوا میں 2 مرحلوں پر مشتمل انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

جمعہ 26 اپریل 2024 17:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) خیبرپختونخوا میں دو مرحلوں پر مشتمل انسداد پولیو مہم کا آغاز آج جمعہ کو ہوگیا،صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے بچے کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر صوبے میں پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم دو مرحلوں میں چلائی جارہی ہے، پہلا مرحلہ 3 مئی تک ہو گا جس میں 14 مکمل اضلاع اور 8 جزوی اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسرے مرحلے میں 2 مئی سے 6 مئی تک پانچ اضلاع میں انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق دونوں مہمات کے دوران 44 لاکھ 23 ہزار سے زائد 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ دو مرحلوں پر محیط انسداد پولیو مہم کیلئے 21 ہزار ٹیمیں اور 33 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ 2023 میں 4 جبکہ امسال کوئی بھی پولیو کیس سامنے نہیں آیا۔ صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ 5 سال سے کم عمر بچوں کے والدین سے خصوصی درخواست ہے کہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچائیں اور بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچاو کے قطرے ضرور پلائیں۔

متعلقہ عنوان :