نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام پروجیکٹ مینجمنٹ پر2 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 26 اپریل 2024 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام پروجیکٹ مینجمنٹ پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقادکیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر علی حسین کاظم، احمد نذیر وڑائچ،آصف رحمان بابر، محسن اسلام خان، ڈاکٹر کامران شمس اور حسن حمید سمیت ملک بھر سے30 کے قریب شرکا نے شرکت کی۔

تربیتی ورکشاپ میں وفاقی حکومت،پنجاب اورکے پی کے حکومت،سول ایوی ایشن اتھارٹی، واپڈا، دی اربن یونٹ، نیسپاک، قائد عوام یونیورسٹی،ایف سی سی آئی، ایم سی بی اور یونیورسٹی آف لاہور سمیت دیگر سرکاری،نجی، سماجی اداروں اور تعلیمی شعبوں سے وابستہ لوگ شامل تھے۔مقررین نے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ایگزیکٹو ڈیویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ متعدد سرگرمیوں ٹریننگز،پالیسی ڈائیلاگ،مذاکرے اور ویبنارز کا اہتمام کرکے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے افسران اور ایگزیکٹو کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کے لیے کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر علی حسین کاظم ڈائریکٹر آٹو موٹیو انجینئرنگ سنٹر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے پراجیکٹ کی لائف سائیکل اور پراجیکٹ پلاننگ میں شامل عمل کاجائزہ پیش کیا۔انہوں نے سرکاری اور نجی منصوبوں کی الگ الگ خصوصیات کی طرف توجہ مبذول کرائی اور شرکا کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پراجیکٹ مینجمنٹ سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کی ترغیب دی۔

احمد نذیر وڑائچ ڈین ای ڈی آ ئی نے نگران ناظم امور اور چینج مینجمنٹ پر توجہ مرکوز کرنے والے ایک سیشن کی قیادت کی،اس سیشن نے اس بات کی کھوج کی کہ کس طرح پراجیکٹ مینیجرز ذمہ دارانہ انتظام اور وسائل کی نگرانی کو یقینی بنا کر پراجیکٹوں کو موثر طریقے سے سنبھال سکتے ہیں۔آصف رحمن بابر ڈائریکٹر کنسٹرکشن سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب لاہور نے لاگت کے انتظام،ویلیو اور انجینئرنگ پر پوری توجہ دی، انہوں نے سٹریٹجک لاگت کے انتظام کی تکنیکوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی جو کسی پروجیکٹ کے مالی وسائل کو بہتر بنانے کے لیے بہت ضروری ہیں۔

محسن اسلام خان سینئر پروکیورمنٹ آفیسر ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد نے منصوبے کی منصوبہ بندی اور نظام الاوقات کی اہمیت اور خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مکمل منصوبہ بندی منصوبے کے خطرات کو کم کرتی ہے۔انہوں نے شرکا کو پروکیورمنٹ، کنٹریکٹ مینجمنٹ اور گروپ سرگرمیوں اور کیس اسٹڈیز کے ذریعے متبادل تنازعات کے حل کی تربیت بھی دی۔

ڈاکٹر کامران شمس سی ای او اخوت انٹرسٹ فری مائیکرو فنانس آرگنائزیشن لاہور نے پبلک سیکٹر کے اندر سماجی شعبے کے منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا اور پبلک سیکٹر کے پروگراموں سے منسلک چیلنجز اور مسائل کو حل کرنے کا طریقہ بتایا۔حسن حمید ڈائریکٹر لاجسشن کنسلٹنٹ لاہور نے پراجیکٹ پر عمل درآمد پر اپنی مہارت کا اظہار کیا،انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی پر مبنی نگرانی کس طرح پروجیکٹ کے معیار کو بڑھا سکتی ہے۔پروگرام کے اختتام پرشرکا نے سوال و جواب کے سیشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تربیتی ورکشاپ کو سراہا۔