پولیو مہم کے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا، کمشنر حیدرآباد

جمعہ 26 اپریل 2024 18:56

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد احسن علی قریشی نے کہا کہ آئندہ پولیو مہم کے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈویژنل ٹاسک فورس فار پولیوکے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد اور بدین میں ماحولیاتی سیمپل کو نیگٹو پر لایا جائے اور آنے والی نسلوں کو اس موذی مرض سے بچایاجائے۔

اجلاس میں ڈویژنل ٹاسک فورس حیدرآباد کے فوکل پرسن ڈاکٹر جمشید خانزادہ نے ڈویژن کے تمام اضلاع میں پولیو سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی ایچ او حیدرآباد ڈاکٹر لالہ جعفر نے بتایا کہ حیدرآباد میں ٹائیفائیڈ ایکس ڈی آر کی وجہ سے کانجوگیٹڈ ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم شروع کی گئی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کی جانب سے بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں تا کہ ٹائیفائیڈ پرقابو پایاجاسکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں آئندہ پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد طارق قریشی، ڈبلیو ایچ او، یونیسیف و دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی ایچ اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :