بھارتی ریاست بہار میں شادی کی تقریب میں آتشزدگی ،ایک ہی خاندان کی6افراد ہلاک

جمعہ 26 اپریل 2024 21:31

پٹنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) بھارتی ریاست بہار کے شہر دربھنگہ میں آتشزدگی کے دوران ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہو گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ جمعرات کی درمیان شب کو شادی کی ایک تقریب کے دوران پیش آیا۔ شادی میں آتش بازی کے دوران پٹاخے کی چنگاری سے ٹینٹ میں آگ لگ گئی جو فوری طور پر پورے پنڈال میں پھیل گئی۔

(جاری ہے)

اس دوران وہاں رکھے سلنڈر دھماکے سے پھٹنے لگے اور آگ نے رام چندر پاسوان نامی ایک شہری کے گھر کے دروازے کے پاس موجود ڈیزل کے ایک گیلن کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا جس کے باعث رام چندر پاسوان کے خاندان کے 6 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے۔بتایا گیا کہ شادی کے مہمانوں کے قیام اور کھانے کا انتظام رام چندر پاسوان کے رہائشی احاطے میں کیا گیا تھا۔ مرنے والوں میں رام چندر پاسوان کا بیٹا سنیل پاسوان، ان کی بیوی اور بہن اور ان کی2بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔