اسکاؤٹس معاشرے میں بھائی چارے کا پیغام عام کرنے میں اہم کر دار ادا کرتے ہیں، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی

جمعہ 26 اپریل 2024 23:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہاہے کہ اسکاؤٹس انسانیت کی خدمت اور معاشرے میں بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی و سماجی مسائل کے حل کے حوالے سے شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگری اسکاؤٹس گروپ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 51ویں سالانہ تقریب اور ایلومنائی میٹ میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں نمائش، کیمپ فائر، سالانہ رپورٹ و دیگر پروگرام ترتیب دیئے گئے جبکہ اس موقع پر پرنسپل افسر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف، صدر سکاؤٹس گروپ ڈاکٹر عرفان افضل، ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر خالد بشیر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر ندیم عباس،سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی تربیت یافتہ افرادی قوت، تحقیق اور آؤٹ ریچ پروگراموں کی صورت میں قوم کی خدمت کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سکاؤٹ نے ہمیشہ سیلاب اور زلزلے جیسی قدرتی آفات کے وقت قوم کے ساتھ کھڑے رہے اور چیلنجز سے نمٹنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے سکاؤٹ نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت اور ان کی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے بھی وقتاً فوقتاً سیمینار و دیگر پروگرام ترتیب دیتے رہتے ہیں۔

ڈاکٹر محمد جلال عارف نے سکاؤٹس کی معاشرے کے لئے بہتری کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں بھی یہ اسی توانائیوں سے انسانی خدمت کے جذبے سے لبریز اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔ ڈاکٹر عرفان افضل نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اسکاؤٹس صوبے میں پچھلے 51 سالوں سے کام کرنے والے بہترین سکاؤٹس ہیں۔ انہوں نے معاشرے کی بہتری کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :