ڈپٹی کمشنر جامشورو کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 26 اپریل 2024 23:13

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر جامشورو علی ذوالفقار میمن نے ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کو موثر انداز میں چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں صحتمند مستقبل فراہم کرنا ہمارا اولین فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال جامشورو میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ضلع جامشورو میں پولیو مہم 29 اپریل سے 4 مئی 2024 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 45 ہزار 769 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے 798 موبائل ٹیمیں، 57 فکس ٹیمیں اور 44 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی ذوالفقار میمن نے کہا کہ ضلع کے 5 سال عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کو یونین کونسل کی سطح پر موثر انداز میں چلایا جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔قبل ازیں ڈی سی جامشورو علی ذوالفقار میمن نے حفاظتی ٹیکوں کے کے حوالے سے عوام سے پر زور اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 12 مختلف بیماریاں مثلاً پولیو ،ٹی بی، کالی کھانسی، نمونیا، ہیپاٹائٹس، موشن الٹی بخار کے بچاؤ کے لئے پیدائش سے 2 سال تک بچوں کو اپنی قریبی سرکاری ہسپتالوں اور سینٹر سے حفاظتی ٹیکے ضرور لگائیں تاکہ ان خطرناک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

بعد ازاں ڈی سی جامشورو اور ڈی ایچ او نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر باقاعدہ پولیو مہم کا آغاز کیا اور عوام میں آگاہی دینے کے لیے حفاظتی ٹیکے اور پولیو مہم کے سلسلے میں ریلی بھی نکالی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر امام الدین کھوسو، فوکل پرسن پولیو ڈاکٹر محمد رضا پنہور، کوآرڈینیٹر ایل ایچ ڈبلیو ڈاکٹر پیر منظور، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی احمد مسعود، ڈاکٹر ارم شیخ، ڈاکٹر اسلم ناریجو کمیونیکیشن افسر عرفان علی مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات جامشورو رفيق احمد سولنگی، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام تعلقہ کے ہیلتھ افسران بھی موجود تھے۔