عدالت نے بہو کے ساتھ جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 10سال قید بامشقت

یہ بہت تشویشناک بات ہے کہ ملزم باپ جیسی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ صرف جرم نہیں گناہ ہے،عدالت کے ریمارکس

جمعہ 26 اپریل 2024 23:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے بہو کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے سسر ملزم ارشاد علی کیخلاف درج مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ جج ذبیحہ خٹک نے ملزم ارشاد علی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنادی۔ عدالت نے ملزم پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ جرمانہ کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کاٹنی ہوگی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم کے موبائل سے ملنے والے میسجز سے معلوم ہوا کے متاثرہ خاتون اپنا گھر بچانے کے لیے خاموش رہیں۔ یہ بہت تشویشناک بات ہے کہ ملزم باپ جیسی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ صرف جرم نہیں گناہ ہے۔ اس طرح کی حرکات سے خواتین اپنے گھروں میں بھی خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں۔

(جاری ہے)

یہ ہمارے معاشرے پر ایک سیاہ دھبہ ہے۔ اس طرح کے جرائم کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

پولیس کے مطابق واقعہ 19 اپریل 2023 کو پیش آیا تھا، متاثرہ خاتون نے بیان میں کہا تھا کہ میں شوہر اور ساس کی عدم موجودگی میں اپنے کمرے میں تھی۔ میرے سسر نے کمرے میں آکر میرے ساتھ زیادتی کی۔ زیادتی کے بعد دھمکی دی کے کسی کو اس بارے میں نہیں پتہ چلنا چاہیے۔ چند دنوں بعد پھر سے اس طرح کی کوشش کرنے پر میں نے اپنے گھر والوں کو جاکر بتایا اور مقدمہ درج ہوا۔ سسر اس سے قبل بھی متعدد بار میرے ساتھ جنسی زیادتی کر چکا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ بلال کالونی میں درج کیا گیا تھا۔