روٹی زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، 115افراد گرفتار

جمعہ 26 اپریل 2024 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر روٹی زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اورگزشتہ روز گرانفروشی پر115افراد کو گرفتار، 25مقدمات درج، سات تنور سر بمہر اور 16لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے۔ گرانفروشوں کیخلاف پرائس مجسٹریٹس کی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت اجلاس میں پیش کی گئی۔

روٹی کی قیمت میں کمی پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس میں صنعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈ منسٹریٹو سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو حکم دیا کہ روٹی زائد نرخوں پر فروخت کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے اور نرخنامہ کی نخلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں کمی کا مقصد عوام کو ریلیف کی فراہمی ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کے بعد روٹی مہنگی فروخت کرنے کا کوئی جواز نہیں، گرانفروشوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ اور اربن یونٹ روٹی کی نئی قیمت کے اطلاق بارے روزانہ رپوٹ بھجوائیں۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو گرانفروشی سے متعلق قیمت پنجاب ایپ پرشکایات کا بر وقت ازالہ یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز پرائس مجسٹریٹس نے چھ ہزار مقامات کی انسپکشنز کیں اور چیکنگ کے دوران 638مقامات پر اوورچارجنگ پائی گئی۔انہوں نے کہا کہ قیمت پنجاب ایپ پر موصول 165شکایات میں سے 153کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :