معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبد الکریم تورڈھیر کی اسلام آباد میں منعقدہ این پی او تقریب میں شرکت

جمعہ 26 اپریل 2024 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے اسلام آباد میں نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (این پی او) کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کی۔تقریب کا اہتمام این پی او نے ایشیا اور بحر الکاہل کی پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن (اے پی او) کیساتھ مشترکہ طور پر کیا گیا تھا جس میں مقامی کاروباری حضرات کے علاؤہ اے پی او ممالک کے مندوبین نے بھی شرکت کی۔

ورکشاپ سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلی کے معاون خصوصی نے کہا کہ این پی او پاکستان میں پیداواری صلاحیت اور مسابقت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور یہ ادارہ ملک کی اقتصادی ترقی کیلئے کوششوں میں مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی معاشی ترقی کیلئے موجودہ حکومت دیرپا اقدامات اٹھانے کیلئے کوشاں ہے اور یہاں پر کئی ایسے امکانی شعبے ہیں جن کے ذریعے پیداواری صلاحیتوں کو مزید فروغ حاصل ہوسکتا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم باہر سے آنے والے انوسٹرز کو خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے آنے پر خوش آمدید کہیں گے۔یہاں پر ہم بیرونی سرمایہ کاروں کے لئیے سہولیات بھری انوائرمنٹ بنانے کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔یہاں پر سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن کے تحت ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کرنے پر کام کررہے ہیں جن کا مقصد یہاں پر سرمایہ لگانے والوں کو ہر طرح سے آسانی فراہم کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کا ایجنڈا یہی ہے کہ صوبے کے وسائل اور پیداواری شعبوں کو بڑھایا جائے تاکہ صوبہ اور ملک معاشی و اقتصادی طور پر پائدار ترقی سے ہمکنار ہوسکیں۔معاون خصوصی نے پیداواری صلاحیتوں کے فروغ کیلئے این پی اور اے پی او کی باہمی تعاون کو اہم قرار دیا۔