پاکستان کی پہلے ڈیجیٹل سٹی کی راہ ہموار ہوگئی

ڈیجیٹل سٹی کے قیام کیلئے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی اور خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا

جمعہ 26 اپریل 2024 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے تعاون سے پاکستان کی پہلے ڈیجیٹل سٹی کی راہ ہموار ہوگئی، ہری پور میں8ارب روپے کی لاگت سے پاکستان ڈیجیٹل سٹی قائم کیا جائے گا۔میڈیارپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل سٹی کے قیام کیلئے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی اور خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا جبکہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی نے معاہدہ طے ہونے کا اعلامیہ بھی جاری کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق ہری پور میں8 ارب روپے کی لاگت سے پاکستان ڈیجیٹل سٹی قائم کی جائے گی، 11ایکڑ رقبے پر محیط پاکستان ڈیجیٹل سٹی 2026سے آپریشنل ہوگی، 4لاکھ 80ہزار مربع فٹ پر ہائی کلاس ٹیکنالوجی انفرااسٹرکچر لگایا جائے گا۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان ڈیجیٹل سٹی میں 4ہزار سے زائد ہائی ٹیک ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ پاکستان ڈیجیٹل سٹی سے سالانہ 3سے 5 کروڑ ڈالرز برآمدات ہوں گی۔پاکستان ڈیجیٹل سٹی سالانہ 6ہزار آئی سی ٹی گریجوایٹس پیدا کرے گی جبکہ پاکستان ڈیجیٹل سٹی میں آئی ٹی کمپنیاں اپنے دفاتر قائم کر سکیں گی۔