جنگ بندی اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی قبضے کے انخلا کے بغیر قیدیوں کو رہا نہیں کریں گے ،خلیل الحیہ

ہفتہ 27 اپریل 2024 09:50

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے خلاف فوجی جارحیت کو روکنے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں اصل مسئلہ قابض کی جانب سے جنگ بندی کو قبول کرنے میں ناکامی اور غزہ کی پٹی سے انخلا ہے ۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق الجزیرہ سیٹلائٹ چینل کو دیے گئے بیانات میں کہا کہ فلسطینی مزاحمت ایک مستقل جنگ بندی اور ایک سنجیدہ اور حقیقی تبادلے کے معاہدے کے لیے سنجیدہ مذاکرات میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پاس موجود قیدیوں کو نہیں رکھنا چاہتے اور انہیں اتفاق رائے اور سنجیدہ مذاکرات میں رہا کرنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ اسرائیلی مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض فوج نے ہمارے 50 قیدیوں کے بدلے ایک اسرائیلی خاتون فوجی کے تبادلے کی تجویز کو مسترد کر دیا۔ ان میں سے 30 ایسے ہیں جنہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے،ہم اب بھی قابض ریاست اور ثالثوں سے اپنے موقف کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم جنگ بندی اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی قبضے کے انخلا کے بغیر قیدیوں کو رہا نہیں کریں گے ۔