عراق میں گیس فیلڈ پر ڈرون حملے میں 4 افراد ہلاک

ہفتہ 27 اپریل 2024 11:00

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) عراق کے علاقے کردستان میں ایک گیس فیلڈ پر ڈرون حملے میں4افراد ہلاک ہو گئے ۔شنہوا کے مطابق کردستان ریجنل گورنمنٹ(کے آرجی )کے ترجمان پشاور حورامانی نے ایک بیان میں بتایا کہ صوبہ سلیمانی میں واقع خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملے سے 4یمنی شہری ہلاک ہوئے اور بنیادی ڈھانچے کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ایک "دہشت گردانہ کارروائی" ہے جو "تخریب کاروں اور شریر لوگوں" کے ذریعے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کردستان ریجن کے صدر نیچروان بارزانی نے اس مہلک حملے کی مذمت کی ہے جس سے بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہوئی ہے۔ بارزانی نے علاقائی استحکام کے لیے حملے کے خطرے پر زور دیا اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے ہی واقعات کی روک تھام کے لیے کارروائی کرے، مجرموں کی شناخت کرے اور قانونی نتائج کو یقینی بنائے۔واضح رہے کہ خور مور گیس فیلڈ متحدہ عرب امارات میں قائم توانائی کمپنی ڈانا گیس کے ذریعے چلائی جاتی ہے ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم کردستان کے علاقے میں ملیشیا کی طرف سے راکٹ یا ڈرون حملے اکثر ہوتے رہتے ہیں۔ ■