مشیر سیاحت کا مانسہرہ میں آسمانی بجلی گرنے کے سانحہ پر اظہار افسوس

خیبرپختونخوا دہشتگردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ صوبہ بن چکا ہے، وفاق ہمارے حقوقِ ،وسائل میں اضافہ کرے تاکہ قومی ترقی یقینی بنے، زاہد چن زیب

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے مانسہرہ کے علاقہ کنڈائو اوگی میں آسمانی بجلی گرنے اور اس سانحہ میں دو بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد کی شہادت پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے متاثرین سے اظہار تاسف و یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ ایک قدرتی آفت ہے تاہم خیبرپختونخوا دہشتگردی کے بعد اب موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر صوبہ بن چُکا ہے اور طوفان باد و باراں کے علاوہ آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ایسے حالات میں وفاقی حکومت کی سرد مہری بہت تشویشناک اور معنی خیز ہے جو کلائمیٹ چینج پر اجلاس اور قومی و بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام تو کرتا ہے مگر خیبرپختونخوا کی نمائندگی کو یکسر نظر انداز کرتا ہے جس کے نتائج وفاق کے اپنے حق میں منفی بلکہ کافی نقصان دہ ہو سکتے ہیں اور اسکی نشاندھی خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بہترین انداز میں کی ہے۔

(جاری ہے)

مشیر سیاحت نے تجویز دی کہ بہتر ہے کہ وفاق دہشتگردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ صوبے کے عوام اور حکومت کی مالی معاونت بھی کرے اور ہمارے تمام جائز حقوق واگذار کرنے کے ساتھ ساتھ کلائمیٹ چینج اور کاربن پلس پر قومی پالیسی میں صوبہ کو لیڈرشپ نمائندگی دے کیونکہ صوبہ کے چالیس فیصد سے زائد جنگلات خیبرپختونخوا میں ہیں جن کی حفاظت صوبائی حکومت اور عوام اپنے محدود وسائل میں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اس ضمن میں انصاف کے تقاضے پورے کرے اور فراخدلی کا مظاہرہ کرے تو اسکا فائدہ براہ راست وفاق کو ہوگا اور وسائل کے علاوہ قومی یک جہتی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔