مدارس کے نظام تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے،راغب حسین نعیمی

اتوار 28 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلی علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ مدارس کے نظام تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں جامعہ نعیمیہ میں اساتذہ کے سالانہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دینی اساتذہ علوم کے ساتھ ساتھ طلباکی اخلاقیات پر بھی بھرپور توجہ دیں، انہیں اچھے اخلاق اور اعلی اوصاف سے مزین کریں تاکہ طلبا جب یہاں سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد معاشرہ میں قدم رکھیں تو لوگ ان کے اچھے اوصاف و عمدہ اخلاق اور تہذیب کے سبب اس کے ادارہ کی بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکیں۔

اجلاس کی صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی جبکہ اجلاس میں مفتی انور القادری، مولانا غلام نصیر الدین چشتی، مولانا محبوب احمد چشتی، مولانا کلیم فاروقی، مفتی محمد عمران حنفی، مولانا ارشد جاوید قادری، مولانا محب الرسول، مفتی محمد عارف حسین، مفتی سید زین العابدین شاہ، مولانا غلام مرتضی نقشبندی، مولانا غلام یاسین قادری، قاری ذوالفقار احمد، قاری محمد رفیق احمد نقشبندی، قاری اشفاق قصوری سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ، مدرسین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مز ید کہاکہ اسلام کا دامن حکمت اور دانائی کے موتیوں سے بھرا پڑا ہے۔ دین اسلام تمام دنیا کے انسانوں کو فکرو عمل کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جدید اور ترقی یافتہ دور میں اگر کسی بھی ملک وقوم کو آگے بڑھنا ہے تو یہ بات تو طے ہے کہ ان کی ترقی کاسفر حصول علم اور فروغ علم کے بغیر جاری نہیں رہ سکتا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہر اس ملک میں جہاں تعلیم کی شرح تسلی بخش نہیں وہاں پر ترقی کی رفتار خود بخود سست پڑنے لگتی ہے۔ اس لئے اگر یہ کہاجائے تو غلط نہ ہوگا کہ آج کادور تعلیم اور تحقیق کادور ہے۔

متعلقہ عنوان :