کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کی برداشت فوری شروع کرنے کی ہدایت

پیر 29 اپریل 2024 13:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آبادنے کاشتکاروں کو لہسن کی فصل کی برداشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ اب جبکہ اپریل کاآخری ہفتہ تقریباً ختم ہونے کے باعث لہسن کی فصل پوری طرح پک کرتیار اور پودے کے پتے خشک و بھورے رنگ کے ہو چکے ہیں اور فصل برداشت کیلئے تیار ہو چکی ہے لہٰذا لہسن کی فصل کو آبپاشی بند کرتے ہوئے اس کی برداشت کا فوری آغاز کردیاجائے۔

یونٹ کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار احتیاط کے ساتھ کھرپوں کی مدد سے زمین کو کھود کر گٹھلیاں نکال لیں اور انہیں خشک کرنے کیلئے کسی سایہ دار جگہ پر پھیلا دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ لہسن کی گٹھلیوں کو کم سے کم تین سے چار روز کیلئے خشک کیاجائے اور جب اوپر سے چھلکے آسانی کے ساتھ اترنا شروع ہو جائیں تو گٹھلیوں کو پتوں سمیت باندھ کرخشک اورہوادار جگہ پر سٹور کرلیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر نمی کی حالت میں لہسن کو سٹور کیاجائیگا تو اس کے گلنے سڑنے اور خراب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان کاسامناکرناپڑسکتاہے۔مزید بر آں باغبانوں کو ویلنشیا لیٹ کی برداشت شروع اور پیوندکاری کاعمل مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ باغبان نہ صرف ویلنشیالیٹ کی انتہائی احتیاط کے ساتھ برداشت مکمل کرلیں بلکہ جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک بھی یقینی بنائیں اور پیوندکاری کاعمل مکمل کرتے ہوئے ترشاوہ پھلوں کے پودوں کے کچے گلے اور غیر معمولی بڑھوتری والی شاخیں بھی کاٹ دیں تاکہ پودوں کی بہتر پرورش و بڑھوتری سمیت اچھی فصلات و بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہاکہ باغبان ترشاوہ پھلوں کے پودوں کوآئندہ ایک دو روز تک نائٹروجنی کھاد کی دوسری قسط ڈال دیں اور عناصر صغیرہ کا ضرورت کے مطابق سپرے بھی کریں۔ انہوں نے کہاکہ باغبان 15 دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں اور پھل شروع ہونے کے فوراً بعد پانی ضرور دیں۔ انہوں نے کہاکہ باغبان کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف سپرے کرتے ہوئے پودوں کے تنوں پر بورڈ و پیسٹ لگانے کے ساتھ ساتھ جنسی پھندے لگانے کاعمل بھی جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی یامعلومات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :