پشاور میں تھائی لینڈ طرز پر جیمز سٹی بنائی جائے، اپسیاء

یہ سیکٹر ترقی کر کے ملکی معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکے گا

پیر 29 اپریل 2024 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید منہاج الدین شاہ اور سرپرست اعلیٰ حاجی معمور خان نے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ قدرت نے پاکستان کو ہر قسم کی معدنیات سے مالا مال بنایا ہے اگر ہمیں بھی حکومتی سطح پر دوسرے ممالک کی طرح جیمسٹون کے تراش خراش کے بارے میں وہ سہولیات فراہم کی جائے تو پاکستان ترقیاتی ممالک کی فہرست میں شامل ہو سکتا ہے، اسی حوالے سے ستمبر 2024 میں عالمی سطح کا پہلا اور سب سے بڑا انٹرنیشنل جیمز اینڈ منرلز شو کا انعقاد کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپسیاء کے دورے پر آئے ہوئے تھائی لینڈ کے جیمسٹون ماہرین ڈاکٹر سورین اینتھیو کی سربراہی میں ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دو طرفہ باہمی تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری، وفود کے تبادلہ، جیمسٹون نمائشوں کے انعقاد اور تجارتی حجم میں اضافے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین انوار احمد، مشتاق احمد، ایف پی سی سی آئی کے سابق کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرز کسی بھی ملک کے ترقی اور معاشی استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کے حیثیت رکھتے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ پشاور میں بھی تھائی لینڈ کی طرز پر جیمز سٹی بنائی جائے جس سے یہ اہم سیکٹر ترقی کر کے ملکی معیشت کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکے گا۔