سیف سٹی اسلام آباد کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری

جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے رواں سال 26مجرمان کو گرفتار کر کے مختلف تھانہ جات منتقل کیا گیا

منگل 30 اپریل 2024 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) سیف سٹی اسلام آباد کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں،سیف سٹی اسلام آباد کے جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے رواں سال 26مجرمان کو گرفتار کر کے مختلف تھانہ جات منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سیف سٹی /ٹریفک کی زیر نگرانی سیف سٹی اسلام آباد شہریوں کی حفاظت ،شہر کی موثر نگرانی کی ساتھ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی موثر کارروائیاں عمل میں لا رہا ہے،سیف سٹی کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے شہریوں ،کرایہ داروں اور گھریلو ملازمیں کے کوائف کااندراج عمل میں لا رہا ہے ،اس سلسلہ میں رواں سال ہوٹل آئی سافٹ ویئر میں 4 لاکھ 55 ہزار 937 شہریوں ،کرایہ داری اور گھریلو ملازمین رجسٹریشن سافٹ ویئر میں 26 ہزار 500 اور انٹری ایگزٹ مینجمنٹ سسٹم میں 24 ہزار 513 شہریوں کے کوائف کا اندراج کیا گیاجبکہ ان جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے رواں سال 26مجرمان کو گرفتار کر کے مختلف تھانہ جات منتقل بھی کیا گیا،ڈی آئی جی سیف سٹی / ٹریفک نے کہا کہ سیف سٹی اسلام آباد کے قیام کا مقصد نہ صرف شہر میں جرائم کی شرح کوکم کرنا ہے بلکہ شہریوں کو بہترین سہولیات مہیا کرنا ہے،سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر میں جہاں مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی کی جاتی ہے وہیں پر ای چالان،موثر ٹریفک مینجمنٹ،ڈیٹا اینالائزنگ،جرائم پیشہ افراد کے چہروں کی شناخت،آٹو نمبر پلیٹ ریڈر اور ہوٹل آئی جیسے مفیدسافٹ ویئرز کے استعمال سے جرائم کی شرح کو کم کیا جاتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹل آئی ایک ایسا سافٹ ویئر ہے جس کے تحت شہر میں موجود ہوٹلز،ہاسٹلز اور شیلٹر ہومز میں رہائش پذیر ہونے والے ہر فرد پر نظر رکھی جاتی ہے،شہری کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کے متعلق اطلاع اسلام آباد پولیس کی ہیلپ لائن ''پکار- ''15یا''آئی سی ٹی''15-ایپ پر دیں۔