ریاض میں طوفانی بارشیں اور خراب موسم، طلبا کے لیے فاصلاتی تعلیم کا اہتمام

تعلیمی ادرارے رواں ہفتے فاصلاتی تعلیم کے ذریعے آن لائن کلاسز کا اہتمام کریں،ہدایت

بدھ 1 مئی 2024 18:14

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سکول کے طلبا بدھ کے روز فاصلاتی تعلیم کی طرف منتقل ہو گئے کیونکہ مملکت کو غیر مستحکم موسمی حالات درپیش ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مملکت کے قومی مرکز برائے موسمیات نے پیر کے روز کہا کہ سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں جمعہ تک موسم شدید رہے گا جس میں درمیانی سے شدید بارش ہوگی۔

(جاری ہے)

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے بھی شدید موسم کا انتباہ اور حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں اور لوگوں کو طوفانی موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھر کے اندر رہنے کی تاکید کی ہے۔حکام کی جانب سے موسم کی وارننگ جاری ہونے کے بعد ریاض کے علاوہ، جدہ، مکہ اور مدینہ کے سکولوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اس ہفتے فاصلاتی تعلیم کے ذریعے آن لائن کلاسز کا اہتمام کریں۔اپریل کے آخری چند ہفتوں میں کئی خلیجی ممالک بشمول متحدہ عرب امارات، عمان اور بحرین شدید طوفانوں کی زد میں رہے جس میں غیر معمولی بارشیں دیکھنے کو ملیں۔