وزیر پبلک ہیلتھ کاپبلک ہیلتھ انجینئرنگ دفتر ہری پور کا دورہ، تفصیلی معائنہ

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی،پختون یار خان

بدھ 1 مئی 2024 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ملک پختون یار خان نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ دفتر ضلع ہری پور کا اچانک دورہ کیا جہاں پر انہوں نے دفتر کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر ضلع ہری پور بپلک ہیلتھ انجینئرنگ کے آفیسر نے صوبائی وزیر ملک پختون یار خان کو دفتری امور اور جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیل سے بریف کیا۔

صوبائی وزیر ملک پختون یار خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،سب ایمانداری سے کام کریں، کرپٹ شخص کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عوام کو سہولیات دینے کا ذمہ دار ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ افسران ادارے کیلئے کام کریں فرد واحد کیلئے نہیں ۔انہوں واضح کیا کہ کلاس فور ملازم سے لے کر آفیسر رینک کے ملازم تک کسی بھی اہلکار کی غیر ذمہ داری ناقابل برداشت ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے حوالے سے موصول شدہ شکایات کا وہ خود جائزہ لے رہے ہیں، عوام کو ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر ممکن اقدامات کئے جائیں گے جبکہ محکمے میں سزا اور جزا کی پالیسی کو رواج دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر ملک پختون یار خان نے کہاکہ گھر گھر صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کی بحالی اور دیرپا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صحت عامہ کو اعلیٰ معیار کا بنانا ترجیحات میں شامل ہے ،میرے دفتر کے دروازے ہر کسی کیلئے کھلے ہیں، تمام عوامی ایشو کو بروقت حل کریں گے۔