سیاسی استحکام کے بغیر معاشی سرمایہ کاری نہیں ہوسکے گی،چوہدری نظام الدین آرائیں

بدھ 1 مئی 2024 22:46

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور معروف بلڈر چوہدری نظام الدین آرائیں نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی سرمایہ کاری نہیں ہوسکے گی۔ اس لئے تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ ملک میں مہنگائی اور غربت ، بھوک و افلاس کے خاتمے کیلئے سیاسی رواداری اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے دفاعی اداروں کیخلاف سازشیں کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

بعض تنظیموں کی جانب سے حساس دفاعی اداروں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور اس کیلئے سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی جارہی ہے جو کسی طورپر بھی مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جب تک استحکام نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکے گا اور اگر ملک ترقی نہیں کرے گا تو پھر عوام کو ریلیف نہیں مل سکے گا۔ آج مہنگائی، بیروزگاری کے ہاتھوں غریب عوام پریشان ہے ، معاشی بدحالی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ، روزمرہ کے معاملات چلانے کیلئے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے میں تمام سیاسی ، مذہبی جماعتوں کو مل کر اس صورتحال کا حل تلاش کرنا ہوگا تاکہ آنے والے وقت میں بہتری کے آثار نمایاں ہوسکیں۔