واسا فیصل آباد نے 18 نا دہندہ رہائشی کالونیوں کے سیوریج اور واٹر سپلائی کنکشن منقطع کر دیئے

جمعہ 3 مئی 2024 18:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2024ء) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر 18 نادہندہ رہائشی کالونیوں کے کنکشن منقطع جبکہ 30 رہائشی کالونیوں کو 2 روز میں اپنے واجبات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر ان کے واٹر سپلائی اور سیوریج کنکشن بھی منطقع کردیئے جائیں گے۔ منیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں 52 ایسی رہائشی کالونیوں کی نشاندہی کی گئی تھی جو کہ غیرقانونی یا واسا کی نادہندہ تھیں جس پر ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ایسی تمام رہائشی کالونیاں جو واسا سے غیر منظور شدہ یا مالکان نے واجبات ادا نہیں کئے تمام کالونیوں کے سیوریج اور واٹر سپلائی کے کنکشن کاٹ دیئے جائیں جس پر ڈائریکٹر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی زیر نگرانی کارروائیاں کرتے ہوئے اب تک 18 رہائشی کالونیوں کے سیوریج اور واٹر سپلائی کنکشن کاٹے جاچکے ہیں جبکہ چار رہائشی کالونیوں کے مالکان نے اپنے ذمہ واجبات جمع کرا دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح واسا حکام کی جانب سے باقی 30 رہائشی کالونیوں کو اپنے واجبات جمع کرانے کیلئے 2 روز کی مہلت دی گئی ہے بصورت دیگر ان کے کنکشن بھی منقطع کردیئے جائیں گے۔ اس ضمن میں ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ شہر میں ایسی رہائشی کالونیوں کی نشاندہی کی گئی تھی جن کے ڈویلپر اور مالکان نے واسا فیصل آباد حکام سے سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کے حوالے سے کوئی منظوری حاصل نہیں کی۔اسی طرح بعض ہاؤسنگ سوسائٹیز کا سیوریج سسٹم اور ڈیزائن بھی واسا کے معیار کے مطابق نہیں تھا جس پر ان کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :