وزیراعظم کے وژن کے تحت ملکی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے پرعزم ہیں، عطاء اللہ تارڑ

جمعہ 17 مئی 2024 22:28

وزیراعظم کے وژن کے تحت ملکی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے پرعزم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ملکی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے پرعزم ہیں، موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کی معاشی ترقی میں تیزی آئی۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر مٹسو ہیرو واڈا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں دوطرفہ سفارتی تعلقات، میڈیا کے شعبوں میں تعاون، فیک نیوز، حکومت کے معاشی اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور تعاون کا دیرینہ رشتہ قائم ہے، جاپان پاکستان کا اہم ترقیاتی شراکت دار ہے، مشکل وقت میں جاپان کا تعاون پاکستان کے عوام کے لئے ہمیشہ قابل قدر رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) پاکستان کی ترقی میں معاونت کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے جاپان کے سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وڑن کے تحت ملکی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے ایف بی آر میں اصلاحات سمیت کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں، اس کے علاوہ نجی شعبہ کو کاروبار میں سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پاکستان کی معاشی ترقی میں تیزی آئی ہے، عالمی جریدے بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں مزید بہتری کی پیشنگوئی کر رہے ہیں۔ملاقات میں فیک نیوز کے تدارک اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری دنیا کو فیک نیوز کا بڑا چیلنج درپیش ہے، اس پر قابو پانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے کاروباری طبقے کی سہولت کے لئے اقدامات پاکستان کو جاپانی سرمایہ کاروں کے لئے زیادہ پرکشش منزل بنائیں گے۔