وفاقی ٹیکس محتسب ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی جائز شکایتوں کے فوری ازالے کو بہت اہمیت دیتے ہیں، مہر کاشف یونس

اتوار 12 مئی 2024 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) وفاقی ٹیکس محتسب ڈا کٹر آصف محمود جاہ ملک بھر کی تاجر برادری کی جائز ٹیکس شکایتوں کے فوری طور پر ازالےکے لیے متحرک اور پر عزم ہیں ۔ اتوار کو آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایف ٹی او کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا کہ معیشت میں بزنس کمیونٹی کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ ان کے تحفظات کے خاتمے کو بہت اہمیت دیتے ہیں، وہ یہ سمجھتے ہیں کہ سازگار کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے منصفانہ اور موثر ٹیکس نظام بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محتسب کا کام ٹیکس کے حوالے سے جوابدہی اور کارکردگی پر مرکوز ہے اور اس کا مقصد ٹیکس سے متعلق تنازعات کو تیزی سے حل کرنا ہے تاکہ کاروبار کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او فعالیت اور موثر رابطے کے ذریعے ٹیکس دہندگان کے درمیان اعتماد کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے اور انہیں یقین دلاتا ہے کہ ان کے خدشات سنے اور دور کیے جا رہے ہیں،محتسب بلا امتیازٹیکس دہندگان کے حقوق کے تحفظ اور ٹیکس قوانین کی تعمیل کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، انصاف اور شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے ایف ٹی او زیادہ مضبوط اور مساوی ٹیکس ایکو سسٹم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی شکایات پر فوری طور پر اور اسی دن کارروائی شروع ہو جاتی ہے اور کسی وکیل کی خدمات کے بغیر 34 دن کے ریکارڈ وقت میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔ شرکانے ٹیکس سسٹم میں بدعنوانی کے خلاف اپنے بچائو کے لیے ایف ٹی او کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔ ایڈوائزر ایف ٹی او ڈاکٹر وقار چوہدری نے ڈاکٹر آصف جاہ کی طرف سے آگاہی سیشن میں شامل ہونے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے پر تمام شرکاکا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :