}25ہزار مراکز علم کیلئے نصاب تیار کر لیا گیاہی:: سعید رضا بغدادی

ی*مراکز علم نصاب عام آدمی کی ذہنی استعداد کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا :ناظم ای پی ڈی

اتوار 12 مئی 2024 17:15

{ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2024ء) تحریک منہاج القرآن کی نظامت ایجوکیشنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے ناظم سعید رضا بغدادی نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات اور ویژن کے مطابق ملک بھر میں 25ہزار مراکز علم قائم کررہے ہیں۔ انتہا پسندی و عدم برداشت کے خاتمے، اعتدال و رواداری کی مصطفوی تعلیمات کے فروغ کے لئے ہر گھر کو مرکز علم بنانا ہو گا اور گھر کی سطح پر تعلیم و تربیت کے منقطع سلسلہ کو بحال کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مثالی مسکن، مثالی ماں، مثالی مکتب اور مثالی میڈیا یعنی ابلاغ عام کے ذریعے ہم امت کے زوال کو کمال میں بدل سکتے ہیں۔ مراکز علم کے لئے نصاب تیار کر لیا گیا ہے بہت جلد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مراکز علم کا آغاز مسکن یعنی گھر سے کررہے ہیں۔ گھر ہی معاشرہ کا پہلا یونٹ، اکائی اور پہلی درسگاہ ہے۔

اگر ہم گھروں کے ماحول کو تعلیم و تربیت سے ہم آہنگ کرنے میں کامیاب ہو گئے تو مصطفوی معاشرہ کی تشکیل کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مراکز علم کا نصاب عام آدمی کی ذہنی و تعلیمی استعداد کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے استفادی کر سکیں۔سعید رضا بغدادی نے کہاکہ فروغ علم و شعور اور دینی و اخلاقی اقدار کا احیاء تحریک منہاج القرآن کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔