Live Updates

جب تک پاکستان میں غریب موجود ہیں کوئی بھی امیر مزید امیر نہیں ہوسکتا،مفتاح اسماعیل

آئندہ بجٹ میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ بجٹ خسارے کو کم کرنے کیلئے این ایف سی کو ختم کرنا پڑے گا۔سابق وفاقی وزیر خزانہ ضلعی حکومت کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔میں نجکاری کا حامی ہوں، سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح محمد اسماعیل کا ڈائیلاگ سے اظہارِ خیال

اتوار 26 مئی 2024 19:35

جب تک پاکستان میں غریب موجود ہیں کوئی بھی امیر مزید امیر نہیں ہوسکتا،مفتاح ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2024ء) سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ 9 کروڑ سے زائد لوگ خط ِ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں،امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ غربت کے شکار افراد کی تعداد 42 فیصد سے زائد ہوسکتی ہے۔پاکستان سے کرپشن ختم ہو بھی گئی تو کوئی ایسی پالیسی نہیں کہ جس کے نتیجے میں پاکستان امیر ہوجائے۔

90 فیصد پاکستانیوں کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں حبیب پبلک اسکول المنائی ایسوسی ایشن (ایچ پی ایس اے ای)کے تحت منعقدہ حبیبین ڈائیلاگ سے اظہارِ خیال کے دوران کیا۔ ڈائیلاگ کی صدارت معروف اینکر پرسن مسعود رضا کررہے تھے۔قبل ازیں ایچ پی ایس اے اے کے صدر سعید اللہ والا نے استقبالی کلمات ادا کیے۔

(جاری ہے)

ڈائیلاگ کے دوران مفتاح محمد اسماعیل نے کہا کہ سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

ملک میں 58 فیصد بچوں کو غذائی قلت اور 11 فیصد خواتین کو آئرن کی کمی کا سامنا ہے۔ 10 سال کے 60 فیصد سے زائد بچے اردو کا ایک پیراگراف اور انگریزی کے دو جملے نہیں پڑھ سکتے۔ 40 فیصد بچے اسکول میں نہ ہوں،وہ ملک کیسے ترقی کرسکتا ہے۔ پاکستان میں غریب کو اچھوت سمجھا جاتا ہے۔ جب تک پاکستان میں غریب موجود ہیں کوئی بھی امیر مزید امیر نہیں ہوسکتا۔

مفتاح اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ آئندہ بجٹ میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ بجٹ خسارے کو کم کرنے کیلئے این ایف سی کو ختم کرنا پڑے گا۔ ضلعی حکومت کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔میں نجکاری کے خلاف نہیں ہوں، نجکاری بالکل ہونی چاہیے، میں نجکاری کے حق میں ہوں کیوں کہ حکومت سے ادارے نہیں چلائے جارہے۔ انہیں پرائیویٹ سیکٹرز کے حوالے کردینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 11 سال میں 7 وزیراعظم تبدیل کئے۔ ماضی کے مقابلے میں موجودہ انتخابات کے دوران ذوالفقار علی بھٹو اور نواز شریف سے زیادہ عمران خان کو ووٹ ملے۔پاکستان تحریک انصاف اور تحریک لبیک پاکستان کو احساس محرومی کا شکار لوگوں کا ووٹ پڑا اور میں یہ بھی دعوے سے کہتا ہوں کہ عمران خان پھر سے اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھنے کا انتظار کررہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اسحاق ڈار کو وزیر بننے کا بہت شوق تھا۔ اسی لئے انہوں نے قیادت کے کان بھرنے شروع کردیئے تھے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاست دان محب ِ وطن ہیں مگر انہیں اپنے گریبانوں میں جھانکنے کی ضرورت ہے تاہم مجھے پاکستان نے بہت عزت دی ہے۔ ہم پر فرض ہے کہ ہم اس ملک کا قرض اتاریں۔تقریب کے اختتام پر ایچ پی ایس اے اے کے صدر سعید اللہ والا نے مہمانِ خصوصی مفتاح اسماعیل کو پھولوں کا گلدشتہ اور شیلڈ پیش کی۔

بعد ازاں ایچ پی ایس اے اے کے جنرل سیکریٹری سید مہتاب حیدر نے ممبر سازی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ہمارے ساتھ جڑیں، سب کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صفوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ عظمتِ رفتہ کو بحال کرنے کیلئے برسرِپیکار ہیں۔
Live بجٹ سے متعلق تازہ ترین معلومات