بطور وزیراعظم وسیب کےلئے جو ترقیاتی کام ادھورے چھوڑے تھے وہ اب پورے کریں گے،سید یوسف رضا گیلانی

پیر 13 مئی 2024 21:59

بطور وزیراعظم وسیب کےلئے جو ترقیاتی کام ادھورے چھوڑے تھے وہ اب پورے ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملتان میں ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں چیئر مین سینٹ سے سابق ایم این اے ملک احمد حسین ڈیہڑ کے بھائی نور حسین ڈیہڑ نے سوموار کے روز سرکٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں خطے کے مسائل، باہمی دلچسپی اور سیاسی امور پر گفتگو ہوئی۔اس سے قبل مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین شہر نے سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی اور چیئرمین سینٹ کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔

وفد کی قیادت سحرش رمضان تھہیم ،سابق ایم پی اے میاں جہانگیر بھٹہ ،ملک شاہ رخ اور مولانا میاں سعد خلیل نے کی ۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطوروزیراعظم وسیب کےلئے جو ترقیاتی کام ادھورے چھوڑے تھے وہ اب پورے کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب باالخصوص ملتان میں بےتحاشا مسائل ہیں لیکن یہاں کی عوام کو یقین ہے کہ وہ مسائل صرف ہم حل کر سکتے ہیں،ہمارا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ ہم خطے کی ترقی چاہتے ہیں اور اس کےلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وسیب کی عوام کا میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ہم سے محبت کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں کہ جو نہیں چاہتے کہ ملک مضبوط ہو اور معاشی مسائل سے نجات ملے،ایسے عناصر افرا تفری پھیلا کر ملک کے حالات بگاڑنا چاہتے ہیں اور ایسے لوگوں کو سیاسی طور پر بھی اور اجتماعی طور پر بھی شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔چیئرمین سینٹ نے مزید کہا کہ ہم عوام کے تعاون سے ملک کی اور وسیب کی خدمت کرنے آئے ہیں اور خدمت کرتے رہے گے۔