یوکرین جنگ میں تقریباً 2000 بچے ہلاک ہو چکے ہیں، یونیسف

یو این پیر 13 مئی 2024 21:15

یوکرین جنگ میں تقریباً 2000 بچے ہلاک ہو چکے ہیں، یونیسف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 13 مئی 2024ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) نے بتایا ہے کہ یوکرین میں جنگ کے دوران 2,000 بچے ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں اور بڑی تعداد کو ذہنی مسائل کا سامنا ہے۔

جنگ سے بچوں کی تعلیم بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ سلامتی کے خدشات کی وجہ سے ملک بھر میں کم از کم 10 لاکھ بچے سکول نہیں جا سکتے۔

Tweet URL

یہ بات یورپ اور وسطی ایشیا کے لیے یونیسف کے علاقائی دفتر اور یورپ میں ادارے کی جانب سے پناہ گزینوں اور مہاجرین کے لیے اقدامات کی خصوصی رابطہ کار ریجینا ڈی ڈومینیکس نے بتائی ہے۔

(جاری ہے)

ادارے کا کہنا ہے کہ فروری 2022 سے جاری جنگ میں روزانہ اوسطاً دو بچے ہلاک و زخمی ہو رہے ہیں۔ یہ وہ اعدادوشمار ہیں جن کی اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے جبکہ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ تمام تنازعات کی طرح اس جنگ میں بھی بڑوں کے لاپرواہانہ فیصلوں اور اقدامات سے بچوں کی زندگیوں، تحفظ اور مستقبل پر انتہائی نقصان دہ اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

ذہنی صحت کے مسائل

ریجینا ڈومینیکس نے کہا ہے کہ جنگ سے بچوں کی ذہنی صحت و بہبود بھی متاثر ہو رہی ہے۔ ملک بھر میں 19 سال تک عمر کے نصف بچوں کو نیند کے مسائل کا سامنا ہے۔ 20 فیصد نے بتایا ہے کہ انہیں وسوسے آتے ہیں اور ناخوشگوار واقعات کے مناظر ان کے ذہن پر چھائے رہتے ہیں۔

ملک بھر میں بچوں کی تقریباً نصف تعداد سکولوں میں جا کر تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہے۔

کووڈ وبا اور اس کے بعد جنگ کے باعث بیشتر سکول چار سال سے بند ہیں۔

یونیسف یوکرین میں فوری جنگ بندی اور تمام بچوں کو تحفظ دینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ اس میں شہری آبادیوں میں دھماکہ خیز ہتھیاروں کا ظالمانہ استعمال اور شہری تنصیبات پر حملے روکنا بھی شامل ہے جن سے بچوں کو غیرمتناسب طور سے نقصان ہوتا ہے۔

یونیسف کے امدادی اقدامات

رابطہ کار نے کہا ہے کہ یوکرین کے بچوں کو تحفظ، استحکام، حصول تعلیم کے محفوظ ماحول اور نفسیاتی مدد کی فوری ضرورت ہے۔

سب سے بڑھ کر انہیں امن درکار ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ یونیسف سکولوں کی بحالی اور بچوں کو گھروں میں تعلیم حاصل کرنے اور اس ضمن میں آن لائن ذرائع سے کام لینے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ گزشتہ برس 13 لاکھ بچوں کو رسمی و غیررسمی تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے اور 25 لاکھ بچوں اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کو ذہنی و نفسیاتی صحت کی خدمات فراہم کی گئیں۔

یونیسف کو محاذ جنگ کے قریبی علاقوں سمیت یوکرین بھر میں بچوں اور ان کے خاندانوں کی ضروری مدد یقینی بنانے اور ان کی بحالی کے لیے رواں سال مزید 250 ملین ڈالر کے مالی وسائل کی ضرورت ہے۔