ممبئی ، مٹی کے طوفان کی شدت سے بڑا بل بورڈ گر گیا، 8 افراد ہلاک

بل بورڈ ایک پیٹرول پمپ کے اوپر گرا ،59زخمی،متعددکے ملبے تلے دبے ہونے کاخدشہ

منگل 14 مئی 2024 12:44

ممبئی ، مٹی کے طوفان کی شدت سے بڑا بل بورڈ گر گیا، 8 افراد ہلاک
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) بھارتی شہر ممبئی میں مٹی کے طوفان کی شدت سے بہت بڑا بل بورڈ پیٹرول پمپ پر گر گیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک، 59 زخمی ہوگئے، بل بورڈ گرنے سے پمپ پر کھڑی گاڑیوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بل بورڈ ایک پیٹرول پمپ کے اوپر گرا ہے، خدشہ ہے کہ 20 افراد بل بورڈ کے ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

سینیئر صحافی راج دیپ سردیسائی نے بتایا کہ یہ وہی بل بورڈ ہے جسے پچھلے سال لِمکا بک آف ریکارڈز میں سب سے بڑے بل بورڈ کی حیثیت سے شامل کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی حکام اِس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا اشتہارات کی کمپنی کے پاس اِس بل بورڈ کا دھاتی ڈھانچہ کھڑا کرنے کی اجازت تھی یا نہیں۔دوسری جانب بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیر اعلی نے ہلاکشدگان کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے زرِ تلافی کا اعلان کیا ہے۔ممبئی میں مٹی کے طوفان کے بعد شدید بارش کی وجہ سے کئی مقامات پر پولز، درخت اور کئی بڑے اسٹرکچرز اکھڑ گئے ہیں۔