یمن میں بلاجواز مغربی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، روس

منگل 14 مئی 2024 21:46

اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) روس نے کہا ہے کہ یمن میں مغربی حملوں کا کوئی جواز نہیں ہے اور یہ حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔ تاس کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندہ واسیلے نیبنزیا نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ مغربی حملے بحیرہ احمر میں کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یمن میں مغربی اتحاد کے بلاجواز حملوں کی وجہ سے پہلے سے ہی مشکل صورت حال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح کے اقدامات محض کشیدگی میں اضافہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2722 کے ذریعے یا اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کے حق کے حوالے سے جواز فراہم کرنے کی مغربی کوششیں ناکام ہو گئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا کی زیر قیادت مغربی دفاعی اتحاد کا ناکام تجربہ واضح طور پر ثابت کرتا ہے کہ یمن کے خلاف طاقت کا استعمال بحیرہ احمر کی صورتحال کو درست سمت کی طرف پر نہیں لے کر جائے گاا ور اس حوالے سے ہمیں تمام علاقائی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔