بھارت میں 200 پروازوں پر سوار ہو کر ڈکیتیاں کرنے والا ملزم گرفتار

منگل 14 مئی 2024 21:46

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) بھارت میں ایک سال کے دوران 200 پروازوں پر سوار ہو کر ملک کے ایئرپورٹس پر ڈکیتیاں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے چوری کے اس نئے انداز کا پردہ فاش کیا جب حیدرآباد سے دہلی جانے والی ایک خاتون نے گزشتہ ماہ شکایت کی کہ ان کے ہینڈ بیگ سے 7 لاکھ روپے کے زیورات چوری ہو گئے ہیں۔

پولیس کو امریکاسے ایک شخص کی طرف سے ایک اور شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ان کے کیبن بیگ سے 20 لاکھ روپے کا قیمتی سامان چوری ہوا ہے۔شکایات موصول ہونے کے بعد پولیس نے دہلی، حیدرآباد اور امرتسر کے ایئرپورٹس سے سی سی ٹی وی فوٹیج سکین کر کے راجیش کپور نامی شخص کو دہلی کے علاقے پہاڑ گنج سے گرفتار کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم نے پولیس کو بتایا کہ کس طرح اس نے بھارت کے محفوظ ترین علاقوں یعنی ایئرپورٹس پر ایک سال تک ڈکیتیاں کیں اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

دہلی پولیس کی ڈپٹی کمشنر اوشا رنگرانی نے کہا کہ اس شخص نے ان مسافروں کو نشانہ بنایا جو کنیکٹنگ فلائٹس لے رہے تھے۔ملزم راجیش نے دہلی، چنئی، حیدرآباد، چندی گڑھ، بنگلور، ممبئی اور امرتسر جیسے ایئرپورٹس سے زیادہ تر خواتین مسافروں کے بیگ سے قیمتی سامان چرایا۔ پہاڑ گنج میں اس کے گھر سے سونے اور چاندی کے زیورات کی بڑی مقدار بھی برآمد ہوئی ہے۔ تاہم اس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ کئی مواقع پر اس نے چوری شدہ زیورات قرول باغ میں جیولر کو بیچے۔

متعلقہ عنوان :