افغانستان میں بارشوں کے باعث بے گھرہونے والوں میں 40 ہزاربچے شامل ہیں، سیو دی چلڈرن

منگل 14 مئی 2024 21:59

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والے عالمی ادارے سیو دی چلڈرن نے کہا ہے کہ افغانستان کے صوبہ بغلان میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بے گھر ہونے والوں میں 40 ہزار بچے ہیں۔شنہوا کے مطابق افغانستان میں سیو دی چلڈرن کے کنٹری ڈائریکٹر ارشد ملک نے کہا کہ یہ بچے خوفزدہ ہیں ، ان کے گھر، سکول اور کھیل کے میدان سیلاب کی نظر ہو چکے ہیں جس سے ان کے روز مرہ کے معمولات شدید متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

افغانستان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے دفتر اور مقامی افغان حکام کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں 330 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ عالمی تنظیموں اور افغان حکام نے سیلاب کے بعد اموات میں اضافے اور متعدی امراض خصوصاً بچوں میں پھیلنے والی بیماریوں سے خبردار کیا ہے، عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ انہوں نے انفیکشن کے خطرے کی نگرانی کے لیے آٹھ ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھیجی ہیں۔