عوامی گورنر ہوں، علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتا ہوں،فیصل کریم کنڈی

منگل 14 مئی 2024 22:10

عوامی گورنر ہوں، علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتا ہوں،فیصل کریم ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں عوامی گورنر ہوں، علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتا ہوں،خیبرپختونخوا کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ملنا ہوگا،ہر سیاسی جماعت کے رہنما کے پاس خود چل کر جاوں گا۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ میں سب کی عزت کرتا ہوں اوریہ ہماری روایات ہیں کہ تہذیب کا دامن کبھی نہ ھوڑیں۔

موجودہ حالات میںگالم، گلوچ کی سیاست کا ابھی وقت نہیں۔ ابھی صرف اور صرف عوام کی خدمت کا وقت ہے ہمیں ان کی خدمت کرنی ہے۔ جو چیزیں خیبرپختونخواہ کی اچھی ہیں وہ دوسرے صوبوں کو لینی چاہیے اور جو چیزیں دوسرے صوبوں کی اچھی ہیں اسے خیبر پختونخواہ کو اپنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

میں چاہتا ہوں کہ اس صوبے میں ایس آئی یو ٹی جیسے ہسپتال بنیں، یہاں کسان کارڈ ملے۔

یہاں اچھا مقابلہ ہونا چاہیے۔ ہمیں اپنا مقدمہ اپنے فورم پر لڑنا چاہیے۔ اختلافات اورتقسیم کی سیاست سے ہمیں نکلنا ہوگا۔عوام کی داد رسی کیلئے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ ان کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا تو خیبرپختونخوا ہ میں مینڈیٹ توسنی اتحاد کونسل کو ملا ہے اس لئے سنی اتحاد کونسل کو چاہے کہ وہ مولانا کے تحفظات ٹھیک کرے۔

گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ آپ لفظی جنگ کا خواب ضرورپورا کریں لیکن وہاں کی عوام کو ڈیلیور کریں۔ کہا جاتا ہے کہ جس سے اچھائی کریں اس کے شر سے بچیں لیکن ہم اپنے مہمان کا ساتھ ہمیشہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے۔ میں پارٹی کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور گورنر خیبرپختونخواہ کے عہدے کیلئے مجھ ادنی کارکن کو نامزد کیا۔