Gقومی وطن پارٹی کا ایک خصوصی اجلاس

منگل 14 مئی 2024 20:10

ٹ*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مئی2024ء) قومی وطن پارٹی کا ایک خصوصی اجلاس وطن کور پشاور میں زیر صدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو منعقد ہوا اجلاس میں پارٹی کے مرحوم رہنماء اسد آفریدی ایڈوکیٹ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کرنے کے حوالے غور و حوض کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ قومی وطن پارٹی ضلع خیبر کے پارٹی عہدیداران اور مرحوم اسد آفریدی ایڈوکیٹ کے خاندان کے ساتھ صلاح مشورہ کے بعد ریفرنس کیلئے تاریخ مقرر کیا جائے گا۔

اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن طارق احمد خان،صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل ،صوبائی فنانس سیکرٹری اخونزادہ سکندر زمان،صوبائی سیکرٹری انفارمیشن شکیل وحیداللہ خان سمیت کیو ڈبلیو پی ضلع مہمند کے پارٹی عہدیداروں ڈاکٹر اعظم اور کاشف خان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضم شدہ اضلاع کے پولیس اہلکاروں کی اپنے جائز مطالبات کیلئے ہڑتال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ۔

شرکائے اجلاس نے کہا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ایک طرف امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے تو دوسری طرف پولیس اہلکار وں کے جائز مطالبات پورے کرنے کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے جس سے حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا سابقہ فاٹا میں ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کے مسائل حل کرنے سمیت ان کے تمام جائز مطالبات منظور کئے جائیں۔