تاجربرادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،تمام اقدامات باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

منگل 14 مئی 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تاجربرادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا اور تمام اقدامات باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت چیئرمین پاکستان بزنس کونسل شبیر دیوان کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی تاکہ تاجر برادری کے تحفظات کو سنا جائے اور ان پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ وفد نے وزیر خزانہ سے ملک کے موجودہ معاشی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا ۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پی بی سی کی تجاویز کو تسلیم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر سے اس کا نوٹس لینے کی ہدایت بھی کی ۔

وزیر خزانہ نے وفد سے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد ٹیکس کے دائرہ کار سے باہر طبقات کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ باہمی مشاورت سے ایسے اقدامات کئے جائیں گے جس سے حکومت اور تاجر برادری دونوں کے لیے بہترین نتائج سامنے آ سکیں۔