پاکستان نے آئرلینڈ کو باآسانی شکست دے کر سیریز جیت لی

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی دھواں دار بلے بازی، دونوں تجربہ بیٹرز کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 14 مئی 2024 22:21

پاکستان نے آئرلینڈ کو باآسانی شکست دے کر سیریز جیت لی
ڈبلن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 مئی 2024ء ) کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی دھواں دار بلے بازی، پاکستان نے آئرلینڈ کو باآسانی شکست دے کر سیریز جیت لی ۔ ڈبلن سٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر178 رنز بنائے، آئرلینڈ کی جانب سے اینڈے 35 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے،روز ایڈائر 7 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے، لورکین ٹکر73 رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے، نیل روک 4 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جارج دوکریل6 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے، کیمفر1 رن بناکر عباس آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، مارک ایڈائر1 رن بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ عباس آفریدی نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ پاکستان نے179 رنز کا ہدف17اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 75 رنز بنائے، محمد رضوان 56 ، افتخاراحمد5 جبکہ صائم ایوب 14 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان 7 وکٹوں سے فاتح رہا تھا۔ آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں 22 سے 30 مئی تک میچز شیڈول ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے امریکا روانہ ہوگی۔

پاکستانی ٹیم بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حسن علی، عباس آفریدی، محمد عامر پر مشتمل ہے جب کہ آئرلینڈ کی ٹیم میں مارک ایڈیئر، راس ایڈیئر، اینڈریو بالبرنی، کرٹس کیمفر، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، نیل راک، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر ، بین وائٹ، کرگ ینگ شامل ہیں۔