غزہ کے باشندوں کو امداد دینے کے بجائے نکال باہر کیا جائی اسرائیلی وزیر

اکتوبر کے حملوں کا اعادہ روکنے کے لیے، اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں واپس آنا چاہیے، ایتمار بین گویر

بدھ 15 مئی 2024 17:24

غزہ کے باشندوں کو امداد دینے کے بجائے نکال باہر کیا جائی اسرائیلی وزیر
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) اسرائیل کے داخلی سلامتی کے وزیر ایتمار بین گویر نے ایک بار پھر فلسطینیوں بالخصوص غزہ کی پٹی کے حوالے سے اپنے نسل پرستانہ بیانات کو دہرایا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر بین گویر نے غزہ پر قبضہ کرنے، مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر آباد کاروں کے حملوں کی حمایت ،غزہ کی پوری آبادی کو بے گھر کرنے اور ان سے نجات حاصل کرنے کے نسل پرستانہ بیانات ایک بار پھر دہرائے۔

غزہ کے مضافات میں سدیروت بستی کے دورے کے دوران انتہا پسند وزیر نے کہا کہ 7 اکتوبر کے حملوں کا اعادہ روکنے کے لیے، اسرائیل کو غزہ کی پٹی میں واپس آنا چاہیے اور اس پر قبضہ کرنا چاہیے، جہاں تک وہاں کے فلسطینی باشندوں کی بات ہے تو انہیں کسی دوسرے ملک میں آباد کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غزہ میں آبادکاری کو فعال کرنے، پٹی کے باشندوں کو رضاکارانہ طور پر وہاں سے نکالنے اور دوسرے ممالک کو ڈی پورٹ کرنے کی ترغیب دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

اسرائیلی وزیر نے نہ صرف غزہ کے باشندوں کو وہاں سے نکالنے پر زور دیا بلکہ کہا کہ وہ غزہ میں امدادی ٹرک بھیجنے کے حامی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو کرم ابو سالم کراسنگ سے امدادی ٹرک غزہ نہیں بھیجنے چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہاگر وہ انسانی امداد چاہتے ہیں تو انہیں حراست میں لیے گئے افراد کو واپس کرنا ہو گا۔ خیال رہے کہ ایتمار بین گویر کا غزہ کو امداد روکنے کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب گذشتہ روز زاف 9 ایک انتہا پسند اسرائیلی گروپ نے غزہ کو امدادی سامان پہنچانے والے ٹرکوں پر حملہ کرکے بڑی مقدار میں سامان کو تلف کردیا۔

اس سامان میں کھانے پینے کی اشیا، جس میں اناج، چاول، آٹا، بسکٹ کے پیکٹ اور خشک سوپ شامل تھے کو زمین پر پھینک کر انہیں روند دیا۔

متعلقہ عنوان :