حماس سے جھڑپوں، حزب اللہ کے راکٹ حملے میں اسرائیلی فوجی سمیت 2 ہلاک، 5 زخمی

بدھ 15 مئی 2024 22:24

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) غزہ کے علاقے رفح میں حماس کے ساتھ اسرائیلی فوج کی جھڑپیں جاری ہیں، مختلف حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی سمیت 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا۔ اسرائیلی فوج نے اسے رفح میں اپنی پہلی ہلاکت قرار دیا ہے۔ ہلاک فوجی کی شناخت 19 سالہ سارجنٹ ایرا یائر گسپان کے نام سے ہوئی۔

(جاری ہے)

دوسرے واقعے میں لبنان سے حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی پوزیشن پر اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل حملہ کیا جس سے ایک اسرائیلی شہری ہلاک اور پانچ فوجی زخمی ہو گئے۔ حزب اللہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اس نے تین میزائل داغے تھے۔پہلے میزائل حملے میں اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ایک اسرائیلی شہری فوجی پوزیشن پر پہنچا تو وہاں مزید میزائل کیے گئے جس کی زد میں آکر وہ ہلاک ہوگیا۔اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ اس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی لبنان کے دو علاقوں آئتہ الشاب اور کفر قلعہ میں حزب اللہ کے کی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔