ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کا اجلاس

نونہالان نے ’’کیا ٹیکنالوجی ترقی کا ذریعہ ہے‘‘ کے موضوع پر پُر مغز تقاریر کیں

بدھ 15 مئی 2024 22:25

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال اسمبلی کا اجلاس پشاور ماڈل گرلز ہائی سکول ورسک روڈ پشاور میں منعقد ہوا جس کا موضوع’’کیا ٹیکنالوجی ترقی کا ذریعہ ہی ‘‘تھا۔ مہمان خصوصی سابق ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا و فاٹا فضل منان خان تھے۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز الفیصل ماڈل ہائی سکول کی نونہال انشال خان نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ نعت رسول مقبول ؐ کڈز سکول سسٹم اینڈ گرلز کالج گلبہار کی نونہال دُرِ عدن نے پیش کی۔

اس موقع پر فضل منان خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی ترقی کا ذریعہ ہے مگر اس کواستعمال کرنے میں مہارت بھی ضروری ہے، ہمیںدوسروں پر انحصار کے بجائے اپنی نوجوان نسل کو ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مہارت اور ہنر مندی کی جانب راغب کرنا چاہئیے تا کہ وہ رزق حلال کمائیں اور ملک کا نام روشن کر یں،اسی طرح درآمدات کے بجائے برآمدات میں اضافے پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر ہمدرد نونہال اسمبلی کے فرائض الفیصل ماڈل ہائی سکول کی نونہال ایمان شہزاد نے نبھائے،قائد ایوان ورسک ماڈل سکول کی نونہال مقدس شفیع تھیں جب کہ قائد حزب اختلاف ورسک ماڈل سکول کی نونہال مریم نسیم تھیں۔فارورڈ ہائی سکول فار گرلز کی نونہال میمونہ دائود اور سٹی ماڈل کالج ،سکول کی نونہال بی بی اُمِ سلمیٰ نے ٹیکنالوجی کے فوائد اور نقصانات کے حوالے سے اپنی پُر اثر تقاریر کے ذریعے شرکاء کے دل موہ لئے۔

ملی نغمہ نونہالان اقراء روضتہ القرآن سکول، اچینی چوک ، ٹیبلو نونہالان سٹی ماڈل کالج، سکول آفریدی گڑھی جبکہ دُعائے سعید نونہالان، جائیو ہوم انٹرنیشنل پبلک سکول شبقدرنے پیش کی،اس موقع پر نونہال علی حیدر نے فلسطین کے حوالے سے خوبصورت نظم پیش کر کے شرکاء محفل سے خوب داد وصول کی۔اجلاس کے آخر میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے ملک لیاقت علی تبسم نے نونہالان میں انعامات تقسیم کئے جبکہ پشاور ماڈل گرلز ہائی سکول کی پرنسپل عمرانہ شاہین اور مہمان خصوصی کوبھی خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔