صوبہ کی ترقی کیلئے قدرتی و انسانی وسائل کاموثراستعمال انتہائی ناگزیرہے، گورنرخیبرپختونخوا

بدھ 15 مئی 2024 23:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ صوبہ کی ترقی کیلئے قدرتی و انسانی وسائل کاموثراستعمال انتہائی ناگزیرہے۔تعلیم کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں غیر روایتی حل تلاش کرنے ہو ں گے۔ اچھی یونیورسٹی معیاری ریسرچ اور تدریس کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔ یونیورسٹیوں کو جدید ریسرچ پر خصوصی توجہ دیناہوگی۔

موجودہ دور میں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا علم انتہائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز پشاور میں قرطبہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈانفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں صدر قرطبہ یونیوسٹی میجر(ر) عبداللطیف خان نیازی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرحمیداللہ علیزئی، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر موسیٰ کلیم، کنٹرولرامتحانات پروفیسر ڈاکٹر اظہرخان نیازی،فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات اوروالدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنرنے کانووکیشن میں سیشن 2017 تا سیشن 2023 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 39 طلباء وطالبات میں گولڈمیڈلز تقسیم کئے ۔وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرحمیداللہ علیزئی نے گورنراوردیگرمہمانوں کا خیرمقدم کیا اور یونیورسٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء وطالبات ، فیکلٹی اراکین اور والدین کو مبارکباددی۔

انہوں نے کہاکہ والدین نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ اور سرمایہ اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خرچ کیا ہے اور آج والدین کیلئے خوشی کادن ہے کہ انکے سامنے اُن کے بچے کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔انہو ںنے صوبہ میں پبلک سیکٹر کے ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کی تعلیمی خدمات کوسراہا۔ قرطبہ یونیورسٹی سمیت تمام نجی یونیورسٹیوں کا نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے میں ایک قابل قدر مقام ہے۔

گورنرنے کہاکہ انہیں خوشی ہوئی کہ یونیورسٹی عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں ۔گورنرنے کہاکہ ہماری یونیورسٹیوں کو تحقیق کے شعبہ میں بہت محنت کی ضرورت ہے۔ ہمارے ملک کا روشن مستقبل باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھوں میں محفوظ ہے،نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کو درست رہنمائی فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہتعلیم کی شکل میں آپ کے پاس ایک ایسا ہتھیار ہے جونہ صرف آپ کی طاقت ہے بلکہ آپ کی دنیا بدل سکتا ہے اور زندگی کی راہیں آسان کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اور ہمیشہ وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنے ملک و قوم سے مخلص اور وفادار ہوتی ہیں۔#