دوران عدت نکاح کیس کی سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 23 مئی تک ملتوی

بدھ 15 مئی 2024 23:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شارخ ارجمند نے دوران عدت نکاح کیس کی سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی۔بدھ کو عدالت نے دوران عدت نکاح کیس کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے جبکہ خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی عدالت پیش نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

معاون وکیل راجہ رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ رضوان عباسی ایڈوکیٹ بیرون ملک جا رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ جو سزا دی گئی وہ اس صورت میں دی جاسکتی تھی کہ فراڈ شادی ہوتی اور ثبوت بھی موجود ہوتے ، یکم جنوری 2018 کو نکاح ہوا اور بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی دونوں اس نکاح کو جائز قرار دیتے ہیں ، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے نکاح کے خلاف کوئی ثبوت موجود ہی نہیں ہے۔ فاضل جج شاہ رخ ارجمند نے رضوان عباسی کو آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دینے یا تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے سماعت 23 مئی تک ملتوی کر دی۔