نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف حکومتی اپیلوں پر سماعت (آج) ہوگی

بدھ 15 مئی 2024 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے خلاف حکومتی اپیلوں پر سماعت (آج)جمعرات کو ہوگی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ سماعت کرے گا۔جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی لارجر بینچ میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری کا حکم دے رکھا ہے، بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کالعدم قرار دی تھیں۔سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے خلاف تحریری فیصلہ 15ستمبر 2023کو جاری کیا تھا، سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بینچ نے دو ایک کی اکثریت سے نیب ترامیم کالعدم قرار دی تھیں۔نیب ترامیم کے خلاف کیس میں جسٹس منصور علی شاہ نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا تھا، عدالت نے ختم کیے گئے تمام نیب مقدمات بحال کرتے ہوئے 10میں سے 9ترامیم کو کالعدم اور نیب ترامیم کی متعدد شقوں کو آئین کے برعکس قرار دیا تھا۔وفاقی حکومت نے 17اکتوبر 2023کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔