وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے غیراعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو حتمی ڈیڈلائن دے دی

اگر رات تک لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کیلئے شیڈول جاری نہ ہوا اور ناروا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو وہ چیف پیسکو کے آفس جاکر خود شیڈول جاری کریں گے،وز یراعلیٰ ہم سستی بجلی بنا کر وفاق کو دے رہے ہیں ،پھر وہی بجلی ان سے مہنگی خریدنے پر مجبور ہیں، اس کے باوجود صوبے کے عوام کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے،بیان

بدھ 15 مئی 2024 22:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے خیبر پختونخواہ میں غیراعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو رات تک شیڈول جاری کرنے کی حتمی ڈیڈلائن دے دی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر توانائی اور وفاقی حکومت کو واضح اور دو ٹوک پیغام دیا کہ خیبر پختونخواہ میں جاری ظالمانہ لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لئے بار بار بات کرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے، ہم مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنے کی بات کرتے ہیں مگر آپ شرافت کی زبان کو کمزوری سمجھتے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت پر واضح کیا کہ ہماری شرافت کو کمزوری نا سمجھا جائے، اگر رات تک لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لئے شیڈول جاری نہ ہوا اور ناروا لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو وہ چیف پیسکو کے آفس جاکر خود شیڈول جاری کریں گے، پیسکو چیف اگر صوبے میں رہے گا تو میرے شیڈول کے مطابق چلے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر(آج)جمعرات تک لوڈشیڈنگ کا معاملہ ٹھیک نہ ہوا تو ہم بجلی کا سارا سسٹم ٹیک اور کر لیں گے، یہ ہماری طرف سے دھمکی نہیں بلکہ ٹائم لائن ہے اس کے بعد بجلی آن آف کرنے کا بٹن صوبے کے لوگوں کے ہاتھ میں آئے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پھر ہم دیکھیں گے کہ آپ لوگ ہماراحق کیسے نہیں دیتے، ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ صوبے کے واجبات میں سے کٹوٹی کرکے ہمارے لوگوں کو چور کہنے کی بجائے انہیں ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ ہم سستی بجلی بنا کر وفاق کو دے رہے ہیں اور پھر وہی بجلی ان سے مہنگی خریدنے پر مجبور ہیں، اس کے باوجود صوبے کے عوام کے ساتھ ظلم کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مینڈیٹ چوری کرکے اقتدار میں بیٹھے لوگ صوبے کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں، میرے صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں اور میرے لوگوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح پیغام دیا کہ اگر آپ لوگ میرے صوبے کے حق پر ڈاکہ ڈالیں گے تو میں آپ کو آرام سے بیٹھنے نہیں دوں گا۔