وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میئو ہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کر دیا

سی ای او پروفیسر احسن نعمان نے وزیرصحت کوڈیجیٹل انوینٹری بارے تفصیلات سے آگاہ کیا

جمعرات 16 مئی 2024 13:39

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میئو ہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میئو ہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، سی ای او پروفیسر احسن نعمان، ایم ایس میئو ہسپتال پروفیسر فیصل مسعود، پروفیسر ابرار اشرف، پروفیسر معین، ڈاکٹر سلمان کاظمی و دیگر فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

سی ای او پروفیسر احسن نعمان نے صوبائی وزیرصحت کوڈیجیٹل انوینٹری بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ نظام میں شفافیت اور مریضوں کی آسانی کیلئے تمام ہسپتالوں میں اسی نوعیت کے سوفٹ ویئرز کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

باقی ہسپتالوں میں بھی اس سوفٹ ویئر سے استفادہ کیا جائے گا۔ سٹور مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ہمیں ادویات کا موجودہ سٹاک، فراہم کی جانے والی ادویات، پرچیز آرڈر و دیگر معلومات حاصل ہوں گی۔

اس سوفٹ ویئر کے بعد مینیئول کام اور ایچ آر کی بچت ہو جائے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سٹور مینجمنٹ سسٹم ایک ریئل ٹائم سوفٹ ویئر ہے۔ ہمیں اسی نوعیت کے اقدامات کے ذریعے نظام میں شفافیت لانی ہوگی۔ انشاء اللہ اس ریئل ٹائم سوفٹ ویئر سے نا صرف میئو ہسپتال بلکہ پورے صوبے کو فائدہ ہوگا۔وزیرصحت پنجاب نے کہاکہ2012 میں ہماری حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں فارماسسٹ بھرتی کرنے کے اصولی اقدامات اٹھائے تھے۔

الحمدللہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں سو فیصد میرٹ پر پرنسپلز اور ایم ایس حضرات کی تعیناتی کی ہے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے میئو ہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کیلئے جدید سوفٹ ویئر کی لانچنگ پر میئو ہسپتال کی انتظامیہ کو مبارکباد دی اور میئو ہسپتال میں سٹور مینجمنٹ سسٹم کیلئے خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے کہاکہ اس عظیم ملک پاکستان کی خاطر خواجہ سلمان رفیق کے خاندان کا خون بھی بہایا گیا ہے۔ ہر دلعزیز خواجہ سلمان رفیق نے ہمیشہ شفقت فرمائی ہے۔

متعلقہ عنوان :