چیئرپرسن قومی کمیشن براے وقار نسواں سے نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن فار مینارٹی رائٹس کےوفد کی ملاقات

جمعرات 16 مئی 2024 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) چیئرپرسن قومی کمیشن براے وقار نسواں نیلوفر بختیار سے نیشنل لابنگ ڈیلیگیشن فار مینارٹی رائٹس کے وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے کی۔ وفد میں این ایل ڈی ایم آر کے ارکان کے ہمراہ عیسائی اور ہندو برادری کی خواتین کے مختلف امور پر نتیجہ خیز بات چیت کی گئی۔

چیئرپرسن نیلوفر بختیار کو ہندو برادری کے وراثت کے قوانین کی تشکیل کے موضوع پر بریفنگ دی گئی اور کہا گیا کہ یہ قوانین بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں گے۔ وراثت کے معاملات میں مساوی سلوک کو یقینی بنانے اور ہندو برادری میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنائے جانے میں سہولت ہو گی۔

(جاری ہے)

وفد نے اقلیتوں کے لیے دوستانہ قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا جس میں عیسائی کمیونٹی کے لیے شادی کے قوانین اور ہندو وراثت اور وراثتی قوانین میں اصلاحات شامل ہیں۔

چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے حکومت کے ساتھ فوری طور پر ان مسائل کی وکالت کے لیے ایک قومی مکالمہ شروع کرنے کا عہد کیا۔ ڈپٹی سپیکر انتھونی نوید نے بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق جنس، مذہب، فرقہ یا نسل سے قطع نظر تمام برادریوں کے مساوی حقوق کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ فیصلہ کیا گیا کہ دونوں فورم اقلیتوں کے لیے اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے پالیسی ڈائیلاگ کریں گے، این سی ایس ڈبلیو اس کی قیادت کرے گا اور دستیاب قوانین میں تحقیق پر مبنی مناسب قوانین اور ترامیم کے لیے حکومتی مشینری کو شامل کرے گا۔\932